ایران میں مظاہرین پر تشدد ہوا تو امریکا کارروائی کرے گا، ٹرمپ کی دھمکی

ایران میں مظاہرین پر تشدد ہوا تو امریکا کارروائی کرے گا، ٹرمپ کی دھمکی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران میں پرامن مظاہرین پر تشدد یا قتل کیا گیا تو امریکا فوری طور پر مداخلت کے لیے تیار ہے۔

صدر ٹرمپ نے یہ بیان سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری کیا، اور کہا کہ اگر ایرانی حکام مظاہرین کے خلاف طاقت استعمال کریں گے تو امریکا خاموش نہیں رہے گا اور فوری کارروائی کر سکتا ہے۔یہ اعلان اس وقت سامنے آیا جب ایران میں گزشتہ تین برسوں کے سب سے بڑے مظاہرے دیکھنے میں آئے، جو ابتدائی طور پر ملکی کرنسی کی قدر میں کمی اور مہنگائی کے خلاف دکانداروں کے احتجاج سے شروع ہوئے اور بعد میں ملک کے دیگر حصوں میں بھی پھیل گئے۔ رپورٹس کے مطابق مظاہروں کے دوران مختلف صوبوں میں مظاہرین اور سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں میں کئی افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

ماہرین کے مطابق ایران کی معیشت کئی برسوں سے دباؤ میں ہے، خاص طور پر 2018 میں امریکا کی جانب سے پابندیاں دوبارہ لگنے کے بعد صورتحال مزید خراب ہوئی۔ یہ پابندیاں صدر ٹرمپ کے پہلے دور میں ایران کے جوہری معاہدے سے علیحدگی کے بعد عائد کی گئی تھیں۔