ایرانی فضائی حدود بند، پی آئی اے نے بین الاقوامی پروازوں کا راستہ بدل دیا

ایرانی فضائی حدود بند، پی آئی اے نے بین الاقوامی پروازوں کا راستہ بدل دیا

ایران پر اسرائیلی حملے کے بعد ایرانی فضائی حدود کی بندش کے باعث پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے ٹورنٹو، پیرس اور گلف ممالک جانے والی پروازوں کا فلائٹ پلان تبدیل کردیا ہے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق گلف ممالک جانے والی پروازوں نے متبادل راستے کے طور پر اب عمان کی فضائی حدود استعمال کرنا شروع کر دی ہے۔ سعودی عرب، بحرین اور متحدہ عرب امارات جانے والی پروازیں مسقط فلائٹ انفارمیشن ریجن سے گزرتے ہوئے اپنی منزلوں تک پہنچ رہی ہیں۔ اسی طرح، یورپ جانے والی پروازوں، خصوصاً ٹورنٹو اور پیرس کی پروازیں بھی اب ایرانی فضائی حدود کے بجائے عمان کی فضائی حدود سے گزر رہی ہیں۔دوسری جانب پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے تصدیق کی ہے کہ خطے میں پیدا شدہ کشیدہ صورتحال کے باوجود پاکستان کی فضائی حدود محفوظ، فعال اور مؤثر طریقے سے استعمال ہو رہی ہے۔

 حکام کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی فضائی ٹریفک کو پاکستان کی حدود سے گزرنے میں کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہیں، اور تمام اضافی فضائی نقل و حرکت کو مکمل پیشہ ورانہ انداز میں سنبھالا جا رہا ہے۔ایئرپورٹس اتھارٹی نے مزید کہا کہ مؤثر ایئر اسپیس مینجمنٹ اور کنٹرول کے باعث اضافی پروازوں کی آمد و رفت بحسن و خوبی جاری ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کا فضائی نظام عالمی معیار کے مطابق کام کر رہا ہے۔