صدر مملکت اور وزیراعظم کی ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت، اقوام متحدہ سے فوری نوٹس کا مطالبہ

صدر مملکت اور وزیراعظم کی ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت، اقوام متحدہ سے فوری نوٹس کا مطالبہ

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ایران پر اسرائیل کے فضائی حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے خطے کی خودمختاری اور سلامتی کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ایران پر بلااشتعال اسرائیلی حملہ نہایت سنگین، غیر ذمہ دارانہ اور تشویشناک اقدام ہے، جو خطے کی نازک صورتحال کو مزید غیر مستحکم کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری، بالخصوص اقوام متحدہ، کو فوری نوٹس لیتے ہوئے کشیدگی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔وزیراعظم نے حملے میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو خطے اور دنیا کے امن کو لاحق خطرات پر گہری تشویش ہے۔

ادھر صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی ایک سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی حملہ ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی صریح خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کے بنیادی اصولوں کی بھی کھلی پامالی ہے۔صدر زرداری نے ایرانی عوام سے جانوں کے ضیاع پر دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو اسرائیلی جارحیت کا فوری نوٹس لینا چاہیے اور جارح ریاست کو اس کے اقدام پر جوابدہ بنایا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حالات کو مزید بگاڑ سے بچانے کے لیے اقوام متحدہ کو فوری اور مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔