اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ایران پر اسرائیلی فضائی حملے کو خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کو فوری طور پر اس اشتعال انگیز کارروائی کا نوٹس لینا چاہیے۔وزیراعظم نے ایک بیان میں کہا کہ "ہم اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے بلااشتعال حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ یہ ایک غیر ذمہ دارانہ اور سنگین اقدام ہے جو خطے کی نازک صورتحال کو مزید بگاڑ سکتا ہے۔"انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے اور دنیا کے امن و استحکام پر منڈلاتے خطرات سے گہری تشویش رکھتا ہے۔شہباز شریف نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر اس حملے کا نوٹس لے اور ایسی کسی بھی مزید کشیدگی کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔انہوں نے کہا، "اب وقت ہے کہ عالمی برادری امن کے لیے یکجا ہو کر کام کرے، تاکہ خطہ کسی بڑے بحران کا شکار نہ ہو۔"