تہران: اسرائیلی حملوں میں اعلیٰ فوجی قیادت کی شہادت کے بعد ایران کی مسلح افواج میں اہم تقرریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔
ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای نے ملک کی اعلیٰ عسکری کمان کو برقرار رکھنے کے لیے دو اہم تقرریوں کی منظوری دے دی ہے۔ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق، سپریم لیڈر کے حکم پر جنرل احمد واحدی کو پاسداران انقلاب گارڈز (IRGC) کا قائم مقام کمانڈر انچیف مقرر کر دیا گیا ہے۔ وہ اس سے قبل بھی مختلف اعلیٰ عسکری و حکومتی عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں اور ایران کی عسکری حکمت عملی میں کلیدی کردار رکھتے ہیں۔اس کے علاوہ، جنرل حبیب اللہ سیاری کو ایرانی فوج (آرمی) کا عارضی چیف آف اسٹاف تعینات کر دیا گیا ہے۔ جنرل سیاری ماضی میں ایرانی بحریہ کے کمانڈر رہ چکے ہیں اور تجربہ کار فوجی افسر سمجھے جاتے ہیں۔یہ تقرریاں ایسے وقت میں کی گئی ہیں جب حالیہ دنوں میں اسرائیل نے ایران میں درجنوں مقامات پر فضائی حملے کیے، جن میں ایرانی فوج کے اہم اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
اسرائیل نے ان حملوں میں پاسداران انقلاب کے سربراہ کمانڈر حسین سلامی اور چیف آف اسٹاف میجر جنرل محمد باقری کی شہادت کا دعویٰ کیا، جس کی بعد ازاں ایران کے سرکاری میڈیا نے تصدیق کر دی۔ایرانی عوام اور مسلح افواج میں ان حملوں کے بعد شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔ حکومت کی جانب سے جوابی کارروائی کی حکمت عملی پر مشاورت جاری ہے جبکہ نئی قیادت کے کندھوں پر اہم ذمہ داریاں آن پڑی ہیں۔بین الاقوامی ماہرین ان تبدیلیوں کو خطے میں ممکنہ فوجی تناؤ اور ردعمل کے تناظر میں انتہائی اہم قرار دے رہے ہیں۔