ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای نے اہم عسکری تقرریاں کرتے ہوئے میجر جنرل عبد الرحیم موسوی کو ایرانی فوج کا نیا چیف آف اسٹاف مقرر کردیا ہے۔
اس کے ساتھ ہی میجر جنرل محمد پاکپور کو پاسداران انقلاب گارڈز کا نیا کمانڈر ان چیف تعینات کیا گیا ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق سپریم لیڈر نے نئے فوجی سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایران کی دفاعی اور سیکیورٹی صلاحیتوں میں اضافہ کریں اور کسی بھی ممکنہ خطرے کے خلاف بروقت اور مؤثر ردعمل کے لیے فوجی تیاریوں کو یقینی بنائیں۔یہ تقرریاں ایک ایسے وقت میں ہوئی ہیں جب حالیہ اسرائیلی حملے میں ایران کے اعلیٰ فوجی قیادت اور سائنسدانوں کی شہادت کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ شہید ہونے والوں میں ایرانی فوج کے چیف آف اسٹاف حسین باقری، پاسداران انقلاب کے کمانڈر حسین سلامی، ختم الانبیا ہیڈکوارٹرز کے کمانڈر غلام علی راشد اور چھے ایٹمی سائنسدان شامل ہیں۔ایران کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے ان تقرریوں کو اسرائیلی جارحیت کے تناظر میں دفاعی و جوابی حکمت عملی کو ازسرنو ترتیب دینے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔