جمعتہ المبارک پر سیکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت، آئی جی پنجاب

جمعتہ المبارک پر سیکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت، آئی جی پنجاب

ویب ڈیسک:آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے جمعتہ المبارک کے موقع پر صوبے بھر میں سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

 انہوں نے پولیس افسران کو واضح احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور سمیت تمام اضلاع میں مساجد، امام بارگاہوں، مزارات اور دیگر اہم مقامات پر سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔

 علاقائی دورے اور عوامی مسائل پر توجہ
آئی جی پنجاب نے ڈی پی اوز اور سینئر پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں کی مساجد کا دورہ کریں، جمعے کی نماز کے بعد شہریوں سے ملاقات کریں اور ان کے مسائل براہ راست سنیں۔ان کا کہنا تھا کہ:"مساجد کو اسلام کی روح کے مطابق کمیونٹی رابطے کا مرکز بنایا جائے، تاکہ امن، انصاف اور معاشرتی اصلاح کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔"
 ممبر و محراب کا کردار اہم قرار
ڈاکٹر عثمان انور نے ممبر و محراب کو معاشرتی اصلاح، انصاف کی فراہمی اور امن کے قیام میں اہم کردار قرار دیتے ہوئے کہا کہ:"معاشرے کی بہتری اور ترقی میں مساجد کا کردار کلیدی ہے، لہٰذا پولیس افسران شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر جا کر سنیں اور ممکنہ حد تک فوری حل فراہم کریں۔"
 عوامی آگاہی اور سہولیات
آئی جی پنجاب نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ عوام کو پولیس کی فراہم کردہ سہولیات، ہیلپ لائنز، سمارٹ پولیسنگ ایپلی کیشنز اور دیگر خدمات سے بھی آگاہ کریں، تاکہ عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد اور رابطہ مزید مضبوط ہو۔