جمعتہ المبارک پر پنجاب بھر میں سکیورٹی سخت، آئی جی پنجاب کی اہم ہدایات

جمعتہ المبارک پر پنجاب بھر میں سکیورٹی سخت، آئی جی پنجاب کی اہم ہدایات

آئی جی پنجاب عبدالکریم نے جمعتہ المبارک کے موقع پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔

آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ مساجد، امام بارگاہوں، مزارات، مارکیٹوں اور دیگر حساس مقامات کی سکیورٹی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ فتنہ الخوارج، فتنہ الہندوستان سمیت ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھنے اور غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کی مہم میں مزید تیزی لانے کی بھی ہدایت کی گئی۔انہوں نے مساجد، کاروباری مراکز کے اطراف اور اہم شاہراہوں پر پولیس پٹرولنگ بڑھانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ امن و امان کا قیام اور شہریوں کی جان، مال اور املاک کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ہدایت کے مطابق ڈی پی اوز سمیت تمام سینئر پولیس افسران فیلڈ میں موجود رہیں گے اور سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیں گے۔

آئی جی پنجاب نے دفعہ 144 پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے، کسی کو قانون ہاتھ میں نہ لینے دینے، داخلی و خارجی راستوں پر مشکوک افراد، گاڑیوں اور سامان کی مکمل چیکنگ کرنے کی ہدایت بھی کی۔انہوں نے اہم مقامات کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھنے اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے سکیورٹی انتظامات مؤثر بنانے پر بھی زور دیا۔