آئی جی پنجاب کی جانب سے جمعۃ المبارک پر سیکیورٹی سخت کرنے کا حکم، مساجد کو کمیونٹی سینٹر بنانے کا اعلان

آئی جی پنجاب کی جانب سے جمعۃ المبارک پر سیکیورٹی سخت کرنے کا حکم، مساجد کو کمیونٹی سینٹر بنانے کا اعلان

لاہور: انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب پولیس نے جمعۃ المبارک کے موقع پر لاہور سمیت صوبے بھر میں سیکیورٹی انتظامات کو مؤثر اور سخت بنانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

 انہوں نے تمام اضلاع کے ڈی پی اوز اور سینئر پولیس افسران کو ہدایت کی کہ مساجد، امام بارگاہوں، مزارات اور دیگر اہم مقامات پر مکمل سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔آئی جی پنجاب نے اپنے احکامات میں کہا کہ معاشرتی اصلاح، امن اور انصاف کی فراہمی میں ممبر و محراب کا کردار نہایت اہم ہے، لہٰذا پولیس کو چاہیے کہ وہ ان مقامات پر اپنی موجودگی کو یقینی بنائے تاکہ شہری محفوظ ماحول میں عبادات ادا کر سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیس افسران نمازِ جمعہ کے موقع پر علاقائی مساجد کا دورہ کریں، نمازیوں کے ساتھ ملاقات کریں اور نماز کے بعد ان کے مسائل کو سن کر موقع پر ہی حل کریں۔ اس عمل سے نہ صرف عوام کا پولیس پر اعتماد بڑھے گا بلکہ پولیس کی کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ اسلام کی روح اور تعلیمات کے مطابق مساجد کو اب کمیونٹی سینٹرز میں بدلا جا رہا ہے تاکہ عوام کی براہِ راست پولیس تک رسائی ممکن ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشرتی ترقی میں مساجد کا کردار کلیدی ہے اور پولیس افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ خود عوام کے دروازے پر جا کر ان کے مسائل سنیں۔آخر میں انہوں نے یہ بھی تاکید کی کہ عوام کو پولیس کی طرف سے فراہم کی جانے والی سہولیات اور خدمات سے مکمل طور پر آگاہ کیا جائے تاکہ شہریوں میں اعتماد، تحفظ اور تعاون کا جذبہ فروغ پائے۔