مائیکل جیکسن کی جرابیں 8 ہزار ڈالرز میں نیلام

مائیکل جیکسن کی جرابیں 8 ہزار ڈالرز میں نیلام

موسیقی کی دنیا کے بے تاج بادشاہ، لیجنڈری گلوکار مائیکل جیکسن کی جرابیں 8 ہزار ڈالرز میں فروخت ہوگئیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ جرابیں فرانس میں نیلام ہوئیں، جو مائیکل جیکسن نے 1997 میں ورلڈ ٹور کے دوران ایک کنسرٹ میں پہنی تھیں۔ سفید ایتھلیٹک جرابوں پر رائن اسٹونز (چمکدار پتھر) لگے ہوئے ہیں، جنہیں ان کے مشہور گانے ’بیلی جین‘ کی ویڈیو میں بھی دیکھا جا سکتا ہے۔نیلام گھر کی نمائندہ آروئر الی کے مطابق یہ جرابیں مذکورہ کنسرٹ کے بعد مائیکل جیکسن کے ڈریسنگ روم کے قریب ایک ٹیکنیشن کو ملی تھیں اور انہیں 28 سال تک ایک فریم میں محفوظ رکھا گیا تھا۔

تاہم نیلامی کے اشتہار میں شائع شدہ تصویر میں ان جرابوں پر دھبے واضح تھے جبکہ چمکدار پتھر زرد پڑ چکے تھے۔ابتداً ان جرابوں کی قیمت 3 سے 4 ہزار یورو (تقریباً 3 ہزار 400 سے 4 ہزار 500 امریکی ڈالر) لگائی گئی تھی لیکن نیلامی میں یہ 7 ہزار 688 یورو (تقریباً 8 ہزار 822 امریکی ڈالر) میں فروخت ہوئیں۔