پاپوا نیو گنی کے ساحلی علاقے کے قریب پیر کے روز 6.3 شدت کے طاقتور زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق زلزلہ عالمی وقت کے مطابق صبح 8 بج کر 53 منٹ پر ریکارڈ کیا گیا۔ اس کا مرکز صوبہ مانوس کے مرکزی شہر لورینگاؤ سے تقریباً 191 کلومیٹر جنوب مشرق میں سمندر کے اندر واقع تھا۔زلزلے کے جھٹکے قریبی ساحلی علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں کچھ دیر کے لیے خوف و ہراس پھیل گیا اور متعدد افراد احتیاطاً گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے، تاہم صورتحال جلد معمول پر آ گئی۔ابتدائی جائزوں کے مطابق زلزلے سے کسی عمارت کے منہدم ہونے، بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچنے یا انسانی جانوں کے ضیاع کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ مقامی انتظامیہ اور امدادی ادارے مختلف علاقوں کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ کسی ممکنہ نقصان کی بروقت تصدیق کی جا سکے۔رپورٹس کے مطابق زلزلے کے بعد سونامی کی فوری وارننگ جاری نہیں کی گئی، جس سے ساحلی آبادی کے لیے کسی بڑے خطرے کے امکانات کم قرار دیے جا رہے ہیں۔ تاہم حکام نے شہریوں کو احتیاط برتنے اور سرکاری ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔