پاپوا نیوگنی اور نیو آئرلینڈ میں 6.0 شدت کا زلزلہ، عوام میں خوف و ہراس

پاپوا نیوگنی اور نیو آئرلینڈ میں 6.0 شدت کا زلزلہ، عوام میں خوف و ہراس

پاپوا نیوگنی اور اس کے قریبی جزیرے نیو آئرلینڈ میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جن کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.0 ریکارڈ کی گئی۔

زلزلے کی گہرائی صرف 10 کلومیٹر بتائی گئی ہے، جو نسبتاً کم گہرائی کا زلزلہ ہے۔ اسی وجہ سے جھٹکوں کی شدت زمین کی سطح پر زیادہ محسوس کی گئی اور شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز نیو آئرلینڈ کے قریب واقع تھا۔ تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم مقامی حکام نے ہنگامی اقدامات کرتے ہوئے متاثرہ علاقوں میں صورتحال کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ کم گہرائی والے زلزلے زمین کی سطح پر زیادہ تباہ کن ثابت ہو سکتے ہیں، اسی لیے آفٹر شاکس کے خدشے کے پیشِ نظر مقامی انتظامیہ نے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ حکام نے لوگوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ بلند عمارتوں اور کمزور ڈھانچوں سے دور رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر محفوظ مقامات کا رخ کریں۔