فیفا ورلڈکپ 2026 میں جہاں کھلاڑی میدان میں نئے ریکارڈز قائم کر رہے ہیں، وہیں تماشائیوں نے بھی ایک نیا ریکارڈ بنا دیا ہے۔
امریکا، میکسیکو اور کینیڈا کی مشترکہ میزبانی میں جاری میگا ایونٹ نے اختتام سے قبل ہی شائقین کی شرکت کے حوالے سے گزشتہ دو ورلڈکپس کا مجموعی ریکارڈ توڑ دیا ہے۔فیفا کے مطابق ٹورنامنٹ کے ابتدائی 100 میچز میں مجموعی طور پر 65 لاکھ 27 ہزار 410 شائقین اسٹیڈیمز میں میچز دیکھ چکے ہیں، جو روس 2018 اور قطر 2022 ورلڈکپس میں آنے والے مجموعی تماشائیوں کی تعداد سے زیادہ ہے۔روس ورلڈکپ 2018 میں 30 لاکھ 31 ہزار 768 جبکہ قطر ورلڈکپ 2022 میں 34 لاکھ 4 ہزار 252 تماشائیوں نے اسٹیڈیمز کا رخ کیا تھا۔واضح رہے کہ فیفا ورلڈکپ 2026 میں ابھی دو سیمی فائنلز، تیسری پوزیشن کا میچ اور فائنل باقی ہیں، جن میں مزید لاکھوں شائقین کی شرکت متوقع ہے، جس سے یہ ریکارڈ مزید بہتر ہو سکتا ہے۔