فیفا نے 2026 ورلڈ کپ کے دوران شائقین کے لیے اسٹیڈیم میں پانی کی ری یوزایبل بوتلیں لے جانے پر بھی پابندی عائد کر دی ہے، جسے ایونٹ کے ضابطہ اخلاق میں آخری وقت کی اہم تبدیلی قرار دیا جا رہا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ابتدائی طور پر فیفا نے شفاف اور خالی پلاسٹک کی دوبارہ استعمال ہونے والی بوتلوں کو اسٹیڈیم میں لانے کی اجازت دی تھی، تاہم منگل سے نافذ ہونے والے نئے فیصلے کے تحت اب ایسی بوتلیں بھی ممنوع قرار دے دی گئی ہیں۔فیفا کے مطابق بوتلیں، کپ، جار اور کین جیسی اشیا کو بعض اوقات میدان میں پھینک دیا جاتا ہے، جس سے کھلاڑیوں، ریفریز اور تماشائیوں کو چوٹ لگنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اسی خدشے کے پیش نظر یہ سخت اقدام کیا گیا ہے۔ادارے نے کہا ہے کہ شائقین، کھلاڑیوں، آفیشلز اور اسٹیڈیم عملے کی حفاظت اس کی اولین ترجیح ہے، اور اسی لیے سیکیورٹی معیار کو مزید سخت کیا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بعض میزبان اسٹیڈیمز میں پہلے ہی بیرونی بوتلوں پر پابندی عائد تھی، تاہم اب فیفا نے پورے ٹورنامنٹ کے لیے ایک ہی پالیسی نافذ کر دی ہے تاکہ تمام مقامات پر یکساں اصول لاگو ہوں۔دوسری جانب شائقین کی جانب سے اس فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے، خصوصاً گرم موسم کے پیش نظر، کیونکہ بعض مقامات پر درجہ حرارت 26 سے 28 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے۔
فیفا نے اس تنقید کے جواب میں کہا ہے کہ اسٹیڈیمز کے اطراف اور اندر ہائیڈریشن کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے، جن میں مسٹنگ اسٹیشنز، پانی کے پوائنٹس، کولنگ ٹینٹس اور دیگر سہولیات شامل ہوں گی تاکہ شائقین کو کسی مشکل کا سامنا نہ ہو۔واضح رہے کہ 48 ٹیموں پر مشتمل فیفا ورلڈ کپ 11 جون سے 19 جولائی 2026 تک امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں مشترکہ طور پر منعقد ہوگا۔