فیفا فٹبال ورلڈکپ 2026 کے آغاز میں چار ماہ سے بھی کم وقت باقی ہے اور شریک میزبان ملک میکسیکو میں سنگین سیکیورٹی صورتحال تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق میکسیکو میں مافیاز کی پرتشدد کارروائیوں کے باوجود فیفا نے میچز کو کسی اور مقام پر منتقل کرنے سے انکار کیا ہے۔ گزشتہ دنوں فوج نے بدنام زمانہ ڈرگ مافیا چیف نیمیسیو اوسیگویرا سروینٹس المعروف ایل مینچو کو ہلاک کر دیا تھا، جس کے بعد مافیاز نے انتقامی کارروائیاں شروع کر دی ہیں اور کئی فٹبال میچز بھی ملتوی ہو گئے ہیں۔تاہم فیفا کے صدر گیانی انفینٹینو نے اصرار کیا ہے کہ میکسیکو کی ورلڈکپ میزبانی کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے اور وہاں سے میچز منتقل نہیں کیے جائیں گے۔ فیفا کا کہنا ہے کہ وہ میزبان ملک کی سیکیورٹی انتظامات کے ساتھ مکمل تعاون کر رہا ہے تاکہ ورلڈکپ بروقت اور محفوظ طریقے سے منعقد ہو سکے۔