لاہور میں سرکاری نرخ نظر انداز، روٹی اور نان مہنگے داموں فروخت ہونے لگے

لاہور میں سرکاری نرخ نظر انداز، روٹی اور نان مہنگے داموں فروخت ہونے لگے

لاہور: سرکاری نرخ مقرر ہونے کے باوجود شہر میں روٹی اور نان کی زائد قیمتوں پر فروخت جاری ہے، جس پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

صارفین کے مطابق سادہ روٹی کی سرکاری قیمت 16 روپے مقرر ہے، تاہم بیشتر علاقوں میں روٹی 20 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ نہ صرف روٹی کی قیمت زیادہ وصول کی جا رہی ہے بلکہ اس کا وزن بھی کم اور معیار بھی غیر معیاری ہے۔شہریوں کے مطابق سادہ نان کی قیمت بھی 20 روپے سے بڑھا کر 30 روپے تک کر دی گئی ہے۔دوسری جانب پنجاب کے فوڈ سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ آٹے اور روٹی کی قیمتوں میں بلاجواز اضافہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق آٹا وافر مقدار میں موجود ہے اور قیمتیں بڑھانے کا کوئی جواز نہیں۔فوڈ حکام نے کہا ہے کہ روٹی اور نان کے مقررہ وزن اور معیار کو یقینی بنانے کے لیے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں اور چھاپے مارے جائیں گے۔