لاہور میں روٹی اور نان کی سرکاری نرخ سے زائد قیمت پر فروخت کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث شہریوں کو اضافی مالی بوجھ کا سامنا ہے۔
شہریوں کے مطابق سرکاری طور پر روٹی کی قیمت 14 روپے مقرر ہے، تاہم بیشتر علاقوں میں روٹی 20 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے، جبکہ نان کی قیمت 35 سے 40 روپے تک وصول کی جا رہی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ نان کی سرکاری قیمت مقرر نہ ہونے کے باعث بعض تندور مالکان من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں۔ دوسری جانب تندور مالکان کا مؤقف ہے کہ آٹے اور گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث سرکاری نرخ پر روٹی فروخت کرنا ان کے لیے ممکن نہیں رہا۔شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخوں پر روٹی اور نان کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور زائد قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔