ملک بھر میں ایل پی جی مہنگے داموں فروخت، اوگرا کے مقررہ نرخ نظر انداز

ملک بھر میں ایل پی جی مہنگے داموں فروخت، اوگرا کے مقررہ نرخ نظر انداز

ملک بھر میں ایل پی جی کی سرکاری قیمتوں پر عملدرآمد نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

اوگرا کی جانب سے مقرر کردہ قیمت 241 روپے فی کلو ہونے کے باوجود مختلف علاقوں میں ایل پی جی 450 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔صارفین کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخ موجود ہونے کے باوجود انہیں مہنگے داموں ایل پی جی خریدنے پر مجبور کیا جا رہا ہے، جبکہ ناجائز منافع خوری اور مبینہ ذخیرہ اندوزی کے باعث گھریلو بجٹ بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے فوری اور مؤثر کارروائی کی جائے۔دوسری جانب دکانداروں کا مؤقف ہے کہ انہیں ہول سیل مارکیٹ سے ہی ایل پی جی مہنگے داموں مل رہی ہے، اس لیے اوگرا کے مقررہ نرخ پر فروخت کرنا ممکن نہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ جب تک سپلائی چین میں قیمتوں کو کنٹرول نہیں کیا جاتا، ریٹیل سطح پر سرکاری نرخوں پر عملدرآمد مشکل رہے گا۔ دکانداروں کے مطابق اگر وہ سرکاری قیمت پر ایل پی جی فروخت کریں تو انہیں بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔دکانداروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سپلائی چین میں موجود مڈل مین کے کردار کا جائزہ لیا جائے اور قیمتوں میں مصنوعی اضافے کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، تاکہ صارفین کو اوگرا کے مقررہ نرخ پر ایل پی جی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔