سرکاری نرخ نامے کے باوجود سبزیاں اور پھل مہنگے داموں فروخت ہونے لگے

سرکاری نرخ نامے کے باوجود سبزیاں اور پھل مہنگے داموں فروخت ہونے لگے

سبزیوں اور پھلوں کی سرکاری قیمتوں اور اوپن مارکیٹ کے نرخوں میں نمایاں فرق سامنے آگیا ہے، جہاں سرکاری نرخ نامے کے باوجود متعدد اشیائے خورونوش مقررہ قیمتوں سے کہیں زیادہ پر فروخت کی جا رہی ہیں۔

اوپن مارکیٹ میں آلو کی سرکاری قیمت 30 روپے فی کلو کے مقابلے میں 70 روپے، پیاز 180 کے بجائے 280 روپے، بینگن 80 کے بجائے 160 روپے، اروی 95 کے بجائے 120 روپے، ٹماٹر 175 کے بجائے 230 روپے جبکہ کریلے 200 روپے کے بجائے 380 روپے فی کلو فروخت ہو رہے ہیں۔پھلوں کی قیمتوں میں بھی سرکاری اور اوپن مارکیٹ کے نرخوں کے درمیان نمایاں فرق برقرار ہے۔ آم چونسہ لیٹ 345 روپے کے سرکاری نرخ کے مقابلے میں 420 روپے، امرود 240 کے بجائے 280 روپے، سیب گاچہ 300 کے بجائے 350 روپے، جاپانی پھل 230 کے بجائے 300 روپے جبکہ گرما 195 روپے کے بجائے 320 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے۔مزید برآں، کیلا درجہ اول 180 روپے کے سرکاری نرخ کے مقابلے میں 250 روپے فی درجن فروخت ہو رہا ہے۔سرکاری نرخ نامے اور اوپن مارکیٹ کی قیمتوں میں اس نمایاں فرق کے باعث صارفین کو اضافی رقم ادا کرنا پڑ رہی ہے، جبکہ مقررہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی دستیابی سے متعلق بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔