افغانستان کے وزیرِ زراعت، آب پاشی و لائیو اسٹاک مولوی عطاء اللّٰہ عمری کے بھارت کے دورے کے دوران دیے گئے بیان نے سوشل میڈیا پر نئی بحث کو جنم دے دیا ہے۔
دہلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولوی عطاء اللّٰہ عمری نے کہا کہ یہ ان کا پہلا دورۂ بھارت ہے اور بھارتی حکومت، وزیرِ خارجہ اور دیگر حکام کی جانب سے ان کا گرمجوشی سے استقبال کیا گیا۔افغان وزیر نے کہا کہ بھارت آ کر انہیں ایسا محسوس ہوا جیسے وہ اپنے ہی لوگوں کے درمیان موجود ہوں۔ انہوں نے ایک بھارتی صحافی کے سوال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ "جیسا کہ آپ نے ذکر کیا، ہمارا اور آپ کا ڈی این اے ایک ہی ہے۔"ان کے اس بیان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جس کے بعد صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔ کچھ صارفین نے بیان پر تنقید کی جبکہ بعض نے اسے ثقافتی اور تاریخی تعلقات کے تناظر میں دیکھا۔
سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے سیاسی تنقید کرتے ہوئے افغان وزیر کے بیان پر طنزیہ تبصرے بھی کیے، جبکہ دیگر صارفین نے دونوں ممالک کے عوامی اور تاریخی روابط کا حوالہ دیا۔مولوی عطاء اللّٰہ عمری کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب افغانستان اور بھارت کے درمیان سفارتی روابط میں حالیہ عرصے کے دوران سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں۔