ٹرمپ کا 39 ویں بار ایران سے ڈیل کا اعلان، سی این این کی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا

ٹرمپ کا 39 ویں بار ایران سے ڈیل کا اعلان، سی این این کی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا

واشنگٹن میں امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے ایک خصوصی مونتاج ویڈیو نشر کی ہے جس میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران سے متعلق بار بار کیے گئے دعوؤں کو یکجا کیا گیا ہے۔

پروگرام کے میزبان اینڈرسن کوپر نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ ایک بار پھر ایران کے ساتھ معاہدے کے قریب ہونے کا دعویٰ کر رہے ہیں، تاہم یہ پہلا موقع نہیں کہ وہ اس نوعیت کے بیانات دیتے رہے ہیں۔سی این این کے مطابق مختلف اوقات میں ٹرمپ کم از کم 39 مرتبہ یہ دعویٰ کر چکے ہیں کہ ایران کے ساتھ کوئی بڑا معاہدہ یا سفارتی پیش رفت ہونے والی ہے یا اس کے قریب پہنچ چکی ہے۔ویڈیو مونتاج میں ان کے مختلف بیانات شامل کیے گئے ہیں جن میں ایران کے ساتھ مذاکرات، امن معاہدے اور سفارتی پیش رفت کے امکانات کا ذکر کیا گیا تھا۔رپورٹ کے مطابق حالیہ دنوں میں بھی ٹرمپ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ معاہدہ آخری مراحل میں ہے اور جلد اہم پیش رفت متوقع ہے۔

تاہم تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ماضی میں بھی ایسے کئی دعوے سامنے آ چکے ہیں جو عملی نتائج تک نہیں پہنچ سکے، جبکہ ٹرمپ کے حامیوں کے مطابق ایران کے ساتھ مذاکرات میں اب بھی پیش رفت کے امکانات موجود ہیں۔سی این این کی اس رپورٹ نے امریکی سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے کہ آیا اس بار ایران سے متعلق ٹرمپ کے دعوے حقیقت میں تبدیل ہو پائیں گے یا نہیں۔