بھارت میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں شنکر نامی ملازم نے طبیعت ناساز ہونے پر باس سے چھٹی مانگی، لیکن صرف 10 منٹ بعد اچانک دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شنکر ایک نجی کمپنی میں ملازمت کرتا تھا اور اس کے باس کے وی آئیر نے بتایا کہ وہ 40 سالہ صحت مند شخص تھا، جس کی موت اچانک دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی۔کے وی آئیر نے یہ افسوسناک واقعہ 13 ستمبر کو سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر شیئر کیا۔ ان کے مطابق صبح 8 بج کر 37 منٹ پر شنکر نے پیغام بھیجا کہ وہ طبیعت خراب ہونے کے باعث چھٹی لینا چاہتا ہے۔ اس پر باس نے انہیں آرام کرنے کا مشورہ دیا۔
تاہم حیران کن طور پر صرف دس منٹ بعد یعنی 8 بج کر 47 منٹ پر شنکر کے نمبر سے کال موصول ہوئی، جس میں اطلاع دی گئی کہ وہ دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے ہیں۔ ابتدائی طور پر باس کو یقین نہ آیا، لیکن دوسرے ساتھی سے تصدیق کے بعد اس خبر کی تصدیق ہو گئی۔یہ واقعہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوا، جہاں صارفین نے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور شنکر کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی۔