اسلام آباد میں ایک لائیو کنسرٹ کے دوران ابھرتی ہوئی عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ شائے گل زخمی ہو گئی ہیں، جب کنسرٹ کے دوران ایک بے قابو ڈرون ان کے ہاتھ سے ٹکرا گیا۔
تفصیلات کے مطابق شائے گل اپنے مداحوں کے لیے پرفارم کر رہی تھیں کہ اچانک ویڈیو ریکارڈنگ کے لیے استعمال ہونے والا تیز رفتار ڈرون ان کے نہایت قریب آ گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق چند لمحوں میں ڈرون آپریٹر کے کنٹرول سے باہر ہو گیا اور تیز رفتاری کے باعث شائے گل کے ہاتھ سے ٹکرا گیا۔حادثے کے فوراً بعد کنسرٹ میں خوف و ہراس پھیل گیا اور پرفارمنس عارضی طور پر روک دی گئی۔ منتظمین نے گلوکارہ کو فوری طور پر اسٹیج سے ہٹا کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔شائے گل نے بعد ازاں سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کو اپنی خیریت سے آگاہ کیا، اور کہا:"میں بالکل ٹھیک ہوں، آپ سب کی دعاؤں اور خیریت پوچھنے کا بے حد شکریہ۔"
انہوں نے ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں ان کی کلائی اور ہاتھ پر کٹ کے نشانات اور بعض جگہوں سے خون کے آثار دیکھے جا سکتے ہیں۔کنسرٹ کے منتظمین نے تصدیق کی کہ یہ ڈرون ایک غیر پیشہ ور اور ناتجربہ کار آپریٹر کے زیرِ استعمال تھا، جو ہجوم اور اسٹیج کے قریب ڈرون کنٹرول کرنے میں ناکام رہا۔ادھر سوشل میڈیا صارفین اور مداحوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بڑے عوامی ایونٹس میں حفاظتی انتظامات کو مزید سخت کیا جائے، کیونکہ ناتجربہ کار ڈرون آپریٹر کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتے ہیں۔