مارول کی مشہور اداکارہ وائی چنگ ہو، جنہوں نے نیٹ فلکس کی مقبول سیریز 'ڈیئر ڈیول' میں 'میڈم گاؤ' کے کردار سے عالمی شہرت حاصل کی، 82 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔
اداکارہ کے انتقال کی خبر ان کے ساتھی فنکاروں نے سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ اداکار پیٹر شنکوڈا نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ وائی چنگ ہو ایک غیر معمولی شخصیت کی مالک تھیں اور ان کے ساتھ گزارا گیا ہر لمحہ سیکھنے کا موقع تھا۔اداکار پیری ینگ نے بھی ان کی وفات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وائی چنگ ہو دو روز قبل فالج کے باعث انتقال کر گئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ مرحومہ نہایت مہربان، ہمدرد اور باصلاحیت فنکارہ تھیں، جنہوں نے اپنی شاندار اداکاری سے ہر منصوبے کو نئی بلندی دی۔1943 میں ہانگ کانگ میں پیدا ہونے والی وائی چنگ ہو نے 1980 کی دہائی کے آغاز میں اپنے فنی کیریئر کا آغاز کیا۔ انہوں نے طویل عرصے تک فلم اور ٹیلی ویژن انڈسٹری میں خدمات انجام دیں اور متعدد کامیاب پروڈکشنز کا حصہ رہیں۔
ان کے نمایاں کاموں میں 'لاء اینڈ آرڈر'، 'فریش آف دی بوٹ'، 'آکوافینا اِز نورا فرام کوئنز'، 'ہسلرز' اور پکسر کی اینیمیٹڈ فلم 'ٹرننگ ریڈ' شامل ہیں۔تاہم مارول کی مقبول سیریز 'ڈیئر ڈیول'، 'آئرن فِسٹ' اور 'دی ڈیفنڈرز' میں 'میڈم گاؤ' کے کردار نے انہیں عالمی سطح پر منفرد شناخت دلائی۔ ان کی یہ پرفارمنس مداحوں اور ناقدین دونوں کی جانب سے بے حد سراہا گیا اور اسے ان کے کیریئر کے یادگار ترین کرداروں میں شمار کیا جاتا ہے۔وائی چنگ ہو کی وفات پر دنیا بھر میں مداحوں اور شوبز شخصیات نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فنی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔