اداکارہ میرا کی بہن شائستہ عباس لندن میں انتقال کر گئیں، کینسر سے طویل جنگ ہار گئیں

اداکارہ میرا کی بہن شائستہ عباس لندن میں انتقال کر گئیں، کینسر سے طویل جنگ ہار گئیں

لاہور: پاکستان کی معروف اداکارہ میرا کی چھوٹی بہن شائستہ عباس طویل عرصے تک کینسر کے مرض میں مبتلا رہنے کے بعد لندن کے ایک اسپتال میں انتقال کر گئیں۔

 ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے پر شوبز حلقوں اور مداحوں کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ میرا نے اپنی بہن کے انتقال کی تصدیق کی۔ ان کا کہنا تھا کہ شائستہ عباس کئی برس سے کینسر جیسے موذی مرض کے خلاف زندگی کی جنگ لڑ رہی تھیں، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکیں اور لندن کے ایک اسپتال میں خالق حقیقی سے جاملیں۔اداکارہ میرا نے بہن کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے شائستہ کی بگڑتی ہوئی صحت کے پیش نظر لندن جانے کے لیے متعدد بار برطانوی ہائی کمیشن سے ویزے کی درخواست کی۔ ان کے مطابق انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بھی اپیلیں کی گئیں، لیکن اس کے باوجود انہیں ویزا جاری نہیں کیا گیا۔

میرا کی ایک اور بہن اقصیٰ عباس، جو یورپ میں مقیم ہیں، کے مطابق شائستہ گزشتہ دو ماہ سے لندن کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھیں۔ اس سے قبل بھی تقریباً ایک سال کے دوران ان کی طبیعت کئی مرتبہ خراب ہوئی، جس کے باعث انہیں بار بار اسپتال منتقل کرنا پڑا۔ طبیعت میں بہتری آنے پر انہیں گھر بھیج دیا جاتا تھا، تاہم بیماری کے باعث ان کی صحت مسلسل متاثر رہی۔

کمسن بیٹی کو گود لینے کا فیصلہ

شائستہ عباس ایک کمسن بیٹی کی والدہ تھیں۔ ان کے انتقال کے بعد اداکارہ میرا نے اپنی بھانجی کی کفالت اور اسے گود لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے میرا کا یہ اقدام ان کی بہن کے خاندان کے لیے ایک اہم سہارا قرار دیا جا رہا ہے۔

لندن میں ہوگی تدفین

خاندانی ذرائع کے مطابق شائستہ عباس کی تدفین لندن میں ہی کی جائے گی۔ ان کے انتقال سے خاندان کو گہرا صدمہ پہنچا ہے، جبکہ اداکارہ میرا اس مشکل وقت میں اپنی بہن کے غم سے دوچار ہیں۔