اداکارہ 35 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں

اداکارہ 35 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں

ترک ٹیلی وژن انڈسٹری کی معروف اداکارہ ایجے ارتیم 35 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئیں۔

وہ اپنی سالگرہ منانے کے صرف ایک روز بعد اچانک وفات پا گئیں، جس نے مداحوں اور شوبز حلقوں کو گہرے صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔اداکارہ کے وکیل اوغور گوککویون کے مطابق ایجے ارتیم کو پیر کے روز دوپہر کے وقت اپنے گھر میں بے ہوشی کی حالت میں پایا گیا، جہاں وہ اپنی والدہ کے ہمراہ موجود تھیں۔ ان کے مطابق واقعہ اچانک پیش آیا اور فوری طبی امداد کے باوجود اداکارہ کی جان نہ بچائی جا سکی۔وکیل نے بتایا کہ ابتدائی میڈیکل رپورٹس میں ان کی موت کی ممکنہ وجہ دل کا دورہ قرار دی گئی ہے، تاہم حتمی نتیجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد سامنے آئے گا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خودکشی سے متعلق تمام قیاس آرائیوں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے کوئی حقیقت موجود نہیں۔

ایجے ارتیم 14 جون 1991 کو ترکی کے شہر سیواس میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے 2014 میں یاشار یونیورسٹی کے اوپیرا اینڈ ووکل پرفارمنس ڈیپارٹمنٹ سے گریجویشن کیا اور بعد ازاں استنبول کے سعدی علیشک کلچرل سینٹر سے باقاعدہ اداکاری کی تربیت حاصل کی۔وہ مقبول ترک ٹی وی ڈرامے “One Love” میں “ایشل” کے کردار کے باعث شہرت حاصل کر چکی تھیں، جس کے بعد وہ ترکی کی ابھرتی ہوئی باصلاحیت اداکاراؤں میں شمار ہونے لگیں۔ ان کی اچانک وفات کو ترک شوبز انڈسٹری کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔