3حادثات ، بچی سمیت 3افراد جاں بحق

 ستھرا پنجاب کے ٹرک کی ٹکر سے ڈیڑھ سالہ دعا فاطمہ جاں بحق ہو گئی ، 7 افراد زخمی، ڈرائیور پرتشدد 
گڑھی شاہو پل پر موٹر سائیکل سوار ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر مارا گیا،13سالہ رمضان بھی جان گنوا بیٹھا 
 لاہور(کرائم رپورٹر)کوٹ لکھپت کے علاقے میں لاہور برج کے قریب ستھرا پنجاب کے ٹرک کی ٹکر سے ڈیڑھ سالہ بچی جاں بحق اور 7 افراد زخمی ہو گئے۔بچی کی شناخت ڈیڑھ سالہ دعا فاطمہ کے نام سے ہوئی۔ زخمیوں میں 40 سالہ عظمیٰ، 35 سالہ دلاور، 29 سالہ فضیلت، 15 سالہ نور فاطمہ، 13 سالہ انس، 9 سالہ میرب اور 4 سالہ عبداللہ شامل ہیں۔ تمام زخمیوں کو ہسپتال اور لاش کومردہ خانے منتقل کر دیاگیا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ تیز رفتاری پر پیش آیا، مشتعل افراد نے ٹرک ڈرائیور قاسم کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنانا شروع کر دیا تاہم موقع پر موجود ٹریفک وارڈنز نے بروقت کارروائی کرکے ڈرائیور کو ہجوم سے بحفاظت نکال کر کوٹ لکھپت پولیس کے حوالے کر دیا۔ گڑھی شاہو چوک سے کپ سٹور چوک جانے والے پل پر موٹر سائیکل سوار اوور سپیڈنگ سے جاں بحق ہو گیا۔ڈی ایس پی ٹریفک رانا شہزاد کے مطابق تیز رفتار موٹر سائیکل بے قابو ہو کر پل کے درمیان ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی۔شدید تصادم سے موٹر سائیکل سوار موقع پر ہی دم توڑ گیاجسکی شناخت 22 سالہ شاہ حسین رہائشی شالامار ٹائون کے نام سے ہوئی۔گوالا کالونی چندرائے روڈ پر 13 سالہ رمضان موٹر سائیکل پر سوار تھا کہ اس کی موٹر سائیکل پیچھے سے ایک چنگ چی رکشہ سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں دونوں بچے نالے میں جا گرے۔حادثے میں 13 سالہ رمضان موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ اس کے ساتھ سوار دوسرا بچہ زخمی ہوگیا، جسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔