شہر پر بادلوں کا راج، محکمہ موسمیات کی بارش کی پیش گوئی

شہر پر بادلوں کا راج، محکمہ موسمیات کی بارش کی پیش گوئی

شہر کا آسمان بادلوں سے ڈھکا ہوا ہے، جبکہ ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے حبس اور گرمی کی شدت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

 محکمہ موسمیات نے آج بھی بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو موسم کی تازہ صورتحال سے آگاہ رہنے کی ہدایت کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 اور کم سے کم 29 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ 3 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جس کے باعث موسم نسبتاً خوشگوار محسوس کیا جا رہا ہے۔دوسری جانب ملک کے مختلف علاقوں میں بھی موسم مختلف نوعیت کا رہنے کی توقع ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ کراچی میں بھی مطلع ابر آلود رہنے اور چند مقامات پر ہلکی بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں صبح کے اوقات میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم دوپہر کے بعد بادل چھائے رہیں گے اور رات کے وقت شہر کے بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ اسلام آباد کا صبح کے وقت درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دن کے دوران پارہ 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ شہر میں 9 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے اور ہوا میں نمی کا تناسب 53 فیصد سے زائد رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔کراچی میں بھی آج مطلع زیادہ تر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بوندا باندی ہو سکتی ہے۔ سمندری ہواؤں کی بحالی سے حبس کی شدت میں کچھ کمی آئی ہے۔ صبح کے وقت کراچی کا درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔