لاہور میں آسمان پر بادل چھائے ہوئے ہیں جبکہ ٹھنڈی ہواؤں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ شہر میں موجودہ درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 جبکہ کم سے کم 22 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ریکارڈ کیا گیا جبکہ 13 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے آج بھی شہر میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔دوسری جانب آلودگی کے اعتبار سے لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں ساتویں نمبر پر آگیا، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 156 ریکارڈ کیا گیا۔ پیراگون سٹی اور گلبرگ ٹو میں اے کیو آئی 189، برکی روڈ میں 176، اقبال ٹاؤن میں 174، ڈی ایچ اے فیز فائیو میں 163، ماڈل ٹاؤن میں 162 جبکہ کینٹ میں 154 ریکارڈ کیا گیا۔ملک کے دیگر علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ اور جمرود میں موسلادھار بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا، تاہم شدید بارش کے باعث دریائے باڑہ میں نچلے درجے کا سیلاب آگیا۔ ریسکیو ٹیمیں صورتحال کے پیش نظر متاثرہ علاقوں کی جانب روانہ کردی گئی ہیں۔
خیبر میں بارش کے دوران آسمان پر چھائے گہرے بادلوں کے باعث دن کے وقت بھی اندھیرا چھا گیا، جبکہ موسلادھار بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ دریائے باڑہ میں پانی کی سطح بلند ہونے کے بعد ریسکیو حکام نے ٹیمیں تعینات کردی ہیں تاکہ شہریوں کو دریا کے قریب جانے سے روکا جاسکے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری امداد فراہم کی جاسکے۔ادھر بارش کے باعث پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے ریجن میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔ ترجمان پیسکو کے مطابق مختلف اضلاع میں مجموعی طور پر 83 فیڈرز کی بجلی عارضی طور پر متاثر ہوئی، جن میں پشاور کے 19، خیبر کے 13، صوابی کے 9، مردان کے 29 اور سوات کے 13 فیڈرز شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق بارش سے متاثرہ بیشتر علاقوں میں صورتحال معمول پر لانے کے لیے کام جاری ہے۔ پیسکو چیف اختر حمید خان کی ہدایت پر آپریشن ٹیموں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے جبکہ جہاں بارش رک چکی ہے وہاں بجلی کی بحالی کا کام شروع کردیا گیا ہے۔صوابی میں بھی تیز بارش اور آندھی کے باعث موسم میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔ بارش کے بعد گرمی کی شدت کم اور موسم میں خنکی بڑھ گئی، تاہم بیشتر علاقوں میں بجلی کی ترسیل بھی متاثر ہوئی۔