محکمہ موسمیات کے ترجمان انجم نذیر ضیغم نے کہا کہ کراچی میں موجودہ گرمی کی لہر بھارتی ریاست راجستھان اور اس کے اطراف میں موجود دباؤ کی وجہ سے پیدا ہوئی ہے۔
اس دباؤ کی وجہ سے سمندری ہوائیں معطل ہو گئی ہیں اور شہر میں شمال مغربی و شمال مشرقی سمت کی ہوائیں چل رہی ہیں، جو کہ گرمی میں مزید اضافے کا سبب بن رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ راجستھان پر موجود یہ دباؤ بتدریج کم ہو رہا ہے، اور اس وقت بحر عرب میں ایک ہائی پریشر کی حالت بن رہی ہے جو کہ کراچی سے دور ہے۔ لیکن جب یہ ہائی پریشر کراچی کے قریب آئے گا، تو اس کی وجہ سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں، جو درجہ حرارت میں کمی کا باعث بنیں گی۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ بدھ تک شہر میں گرمی کی شدت برقرار رہ سکتی ہے، مگر جمعرات سے اس گرمی کی لہر میں کمی آنا شروع ہو جائے گی۔ اس دوران، معمول سے تیز ہواؤں کے اثر سے درجہ حرارت میں کمی ہو گی اور یہ دوبارہ 33 سے 34 ڈگری تک پہنچ جائے گا، جس سے شہریوں کو کچھ راحت ملے گی۔