ایران نے عمان ‘ قطر‘ کویت اور اردن میں امریکی اڈروں پر بیلسٹک میزائل داغے گئے‘ دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا،، آئندہ کسی بھی بحری جہاز کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی
امریکہ کا ایران پر حملوں کا تیسرا مرحلہ مکمل، حملوں میں ایران کے میزائل اور ڈرون تنصیبات، اسلحہ گودام، مواصلاتی مراکز اور ساحلی نگرانی کے نظام کو نشانہ بنایا گیا ‘ سینٹکام
تہران (آئی این پی) ایران کی پاسداران انقلاب کی بحریہ نے آبنائے ہرمز کو تا حکم ثانی بند کرنے کا اعلان کر دیا۔ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ ایک بحری جہاز نے غیر منظور شدہ راستے سے گزرنے کی کوشش کی جس پر انتباہی فائرنگ کی گئی.پاسداران انقلاب کے بیان میں کہا گیا ہے کہ آئندہ اطلاع تک کسی بھی بحری جہاز کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اگر دشمن اس واقعے کو بہانہ بنا کر کسی بھی قسم کی غلطی کرتا ہے تو اسے سخت جواب دیا جائے گا ،جب کہ امریکی سینٹرل کمانڈ نے دعوی کیا ہے کہ اس نے ایران کے خلاف تین روز کے دوران حملوں کے تیسرے مرحلے میں تقریبا 140 ایرانی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔امریکی فوج کا کہنا ہے کہ تین راتوں پر مشتمل ان کارروائیوں میں مجموعی طور پر 300 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا جا چکا ہے۔ سینٹکام کے مطابق ان حملوں کا مقصد ایران کی اس صلاحیت کو کمزور کرنا ہے جس کے ذریعے وہ آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں اور بین الاقوامی بحری نقل و حمل کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔امریکی سینٹرل کمانڈ نے دعوی کیا کہ کشیدگی کے باوجود آبنائے ہرمز سے تجارتی جہازوں کی آمدورفت جاری ہے اور عالمی توانائی کی ترسیل مکمل طور پر معطل نہیں ہوئی۔ایران پر تازہ امریکی حملوں کے بعد عمان، قطر، اردن، بحرین اور کویت میں ایران کی جانب سے امریکی فوجی اہداف پر حملے کیے گئے ہیں۔ ایران کی پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ عمان کی بندرگاہ دقم میں امریکی طیارہ بردار بحری جہازوں کے لیے استعمال ہونے والے لاجسٹک سپورٹ مراکز اور ایندھن بھرنے والے پلیٹ فارمز پر شدید اور اچانک حملہ کیا ہے۔ قطر میں العدید فضائی اڈے پر بھی بیلسٹک میزائل داغے اور جنگی طیاروں کی دیکھ بھال اور مرمت کا مرکز اور ایک کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر تباہ کردیا گیا۔ایرانی فوج نے کویت اور بحرین میں امریکی فوج کے زیر استعمال پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام، اسلحہ گودام اور ریڈار تنصیب کو نشانہ بنانے کا بھی دعوی کیا ہے