کزن کی لاش جلانے والاملزم پولیس مقابلے میں ہلاک

قاتل نے لاش چھپانے کیلئے چربی پگھلانے والی کڑھائی میں ڈال کرپگھلادیاتھا
ملزم نے دوران تفتیش اقبال جرم کیا،فرارہونے کی کوشش میں ماراگیا:پولیس 
راولپنڈی(خصوصی رپورٹ)راولپنڈی میں کزن کوقتل کرکے لاش جلانے والا ملزم فرارہونے کی کوشش میں مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا۔پولیس کے مطابق ملزم نے گزشتہ ماہ اپنے خالہ زاد بھائی کو اغوا کرکے قتل کیا تھا، مقتول کزن پرائز بانڈ کا کاروبار کرتا تھا،ایک کروڑ یا پینتالیس لاکھ روپے لے جا رہا تھا جب وہ لاپتہ ہوا۔پولیس حکام کے مطابق قاتل صابن فیکٹری کیلئے چربی پگھلانے کا کام کرتا تھا، ہیومن انٹیلی جنس کی بنیاد پر ملزم کو پکڑا اور اقبال جرم کرواکے پیسے بر آمد کیے۔پولیس نے بتایا کہ مقتول کی لاش اس لئے نہیں ملی تھی کہ قاتل نے اسے چربی پگھلانے والی کڑھائی میں ڈال کر پگھلادیا تھا۔پولیس کے مطابق ملزم نے فرار ہونے کی کوشش کی اور اس دوران مقابلے میں ہلاک ہو گیا۔