وارث نے کلثوم کی لاش کو گھر میں دفنا یا ،بدبو پر تندور میں ڈال کر آگ لگا دی
اہلخانہ کو نیند کی گولیاں کھلا کر وارث کو قتل کیا،لاش نہر میں پھینک دی :ملزم
میانوالی، واں بھچراں (خصوصی رپورٹ)بیوی کو قتل کر کے دفنانے اور بعد ازاں لاش جلانے والے شخص کو اس کے ہی بھائی اور بہن نے ساتھی کے ساتھ مل کر قتل کر دیا۔ تھانہ واں بھچراں پولیس نے دو اندھے قتل ٹریس کرتے ہوئے تینوں ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ ڈی پی او میانوالی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ 3 نومبر کو محمد وارث اپنی بیوی کلثوم بی بی کی تلاش کے بہانے گھر سے نکلا اور واپس نہ آیا۔ 8 نومبر کو اس کی لاش قائد آباد مہاجر برانچ نہر سے بر آمد ہوئی، جس کا مقدمہ والدہ اناراں بی بی کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ تفتیش میں انکشاف ہوا کہ محمد وارث کو اس کے بھائی پرویز، بہن یاسمین اور حق نواز نے اہلِ خانہ کو نیندکی گولیاں کھلا کر فائرنگ سے قتل کیا اور لاش نہر میں پھینک دی۔ ملزموں نے اعتراف کیا کہ محمد وارث نے پہلے اپنی اہلیہ کلثوم بی بی کو قتل کر کے دفنایا، بدبو آنے پر لاش تندورمیں ڈال کر جلا دی۔ مقتولہ کی قبر کشائی، فرانزک شواہد اور ڈی این اے ٹیسٹ کا عمل جاری ہے۔