مریم نواز نے مستحق افراد کو 3 مرلے کے مفت پلاٹ دینے کی اسکیم متعارف کرانے کا اعلان

مریم نواز نے مستحق افراد کو 3 مرلے کے مفت پلاٹ دینے کی اسکیم متعارف کرانے کا اعلان

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور کے علاقے کالا شاہ کاکو میں "زہرہ ہومز" اور "مسکن راوی" کا افتتاح کرتے ہوئے ایک بڑی اسکیم کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت مستحق اور نادار افراد کو 3 مرلے کا مفت پلاٹ دیا جائے گا۔

تقریب میں مریم نواز نے 100 خاندانوں کو نئے گھروں کے الاٹمنٹ لیٹرز اور چابیاں دیں اور ہاؤسنگ اسکیم کے معیار اور سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے زہرہ ہومز کے مکانات کا تفصیلی جائزہ لیا، جو 400 مربع فٹ پر مشتمل ہیں، اور ہر گھر میں دو بیڈروم، ایک باورچی خانہ، ایک باتھ روم اور صحن شامل ہے۔زہرہ ہومز کو جدید ترین ترین ای پی ایس سمارٹ پینل ٹیکنالوجی سے زلزلے سے محفوظ، توانائی کی بچت کرنے والا اور ماحول دوست بنایا گیا ہے۔ اس میں ہر گھر 5 کلو واٹ کے سولر سسٹم سے چلایا جائے گا، اور کمیونٹی میں صاف پانی کے لیے آر او پلانٹ، اسکول، کھیل کے میدان، مسجد اور ڈسپنسری کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ "مسکن راوی" ہاؤسنگ اسکیم روڈا اور ای پی ایس سولوشنز پاکستان کی مشترکہ کاوش ہے، اور اس پراجیکٹ میں مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کی خدمات کو سراہا گیا۔اس موقع پر مریم نواز نے اعلان کیا کہ نادار افراد کے لیے 3 مرلے کے مفت پلاٹ فراہم کرنے کی اسکیم جلد متعارف کرائی جائے گی، جس سے لاکھوں افراد کو اپنے گھر کا خواب حقیقت میں بدلنے کا موقع ملے گا۔