وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے غریب اور بے روزگار افراد کے لیے ’اپنا کھیت، اپنا روزگار‘ کے نام سے ایک نئے منصوبے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت مستحق افراد کو مفت زرعی زمین فراہم کی جائے گی۔
راجن پور میں الیکٹرو بس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 2 لاکھ 50 ہزار ایکڑ زرعی زمین غریب عوام میں تقسیم کی جائے گی، جبکہ ہر مستحق فرد کو 3 سے 5 ایکڑ زمین الاٹ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو فصل کی تیاری کے لیے کسان کارڈ بھی دیا جائے گا، جس کے ذریعے بیج، کھاد اور زرعی ادویات حاصل کی جا سکیں گی۔مریم نواز نے ہر تحصیل میں سینٹر آف ایکسی لینس قائم کرنے اور ایک سال کے اندر صوبے کی تمام تحصیلوں میں گرین بس سروس شروع کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ راجن پور کو نظرانداز نہیں کیا جا رہا بلکہ یہاں جدید الیکٹرو بس سروس متعارف کرائی جا رہی ہے، جبکہ 12 ارب روپے کی لاگت سے 72 سڑکوں کی تعمیر کا کام بھی جاری ہے۔ انہوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے راجن پور کے عوام کے لیے خصوصی پیغام بھی پہنچایا۔