وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے مستحق اقلیتی افراد کے لیے ایک اور بڑا قدم اٹھاتے ہوئے مائنارٹی کارڈز کی تعداد بڑھا کر 75 ہزار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر اقلیتی برادری کے لیے سہولتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت مستحق اقلیتی خاندانوں کو سہ ماہی بنیادوں پر 10 ہزار 500 روپے مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔کارڈ کے حصول کے لیے قومی شناختی کارڈ اور نادرا رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی ہے۔ صرف وہی افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے جن کی پی ایم ٹی سکورنگ 45 یا اس سے کم ہوگی۔
اہلیت کی جانچ کے لیے نادرا، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) اور پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی (PSPA) کے ڈیٹا کو مدنظر رکھا جائے گا۔ رجسٹریشن کے خواہشمند افراد 1040 پر کال کر کے رجسٹریشن کروا سکتے ہیں جبکہ آن لائن درخواست دینے کے لیے خصوصی ویب سائٹ بھی لانچ کر دی گئی ہے۔واضح رہے کہ آن لائن رجسٹریشن کا عمل 30 ستمبر 2025 تک جاری رہے گا۔