کولکتہ: معروف بھارتی گٹارسٹ اور بیسیسٹ چندر مولی بسواس اتوار کی شام کولکتہ کے علاقے ویلنٹن میں اپنے گھر میں مردہ پائے گئے۔
ان کی عمر 48 سال تھی اور ان کی لاش ان کے گھر سے برآمد ہوئی۔ بھارتی میوزک انڈسٹری میں ان کا ایک نمایاں مقام تھا، وہ بینڈ "گولوک" کے مرکزی گلوکار مہول چکرورتی کے قریبی دوست تھے۔مہول چکرورتی نے بتایا کہ چندر مولی صبح سے فون نہیں اُٹھا رہے تھے، جس پر وہ اور ایک قریبی دوست ان کے گھر پہنچے، جہاں انہیں مردہ پایا۔ اس افسوسناک واقعے نے بنگال کی میوزک انڈسٹری کو شدید صدمہ پہنچایا۔پولیس کے مطابق، ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ چندر مولی مالی مسائل اور کئی سالوں سے ڈپریشن کا شکار تھے۔ ان کے رشتہ داروں اور دوستوں نے بھی ان کی ذہنی حالت کی تصدیق کی۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے خودکشی نوٹ بھی برآمد کیا ہے جس میں لکھا تھا کہ ان کی موت کا ذمہ دار کوئی نہیں، تاہم نوٹ کی تحریر کی تصدیق کی جا رہی ہے۔
چندر مولی اپنے کیریئر میں بینڈز 'فوسلز'، 'گولوک' اور 'زومبی کیج کنٹرول' کا حصہ رہے تھے اور ان کی شاندار پرفارمنس کے باعث وہ بےحد مقبول تھے۔ ان کی منیجر روپشا داس گپتا نے بتایا کہ چندر مولی 2000 سے 2018 تک بینڈ 'فوسلز' کے رکن رہے، تاہم صحت کے مسائل کی وجہ سے اس کے بعد بینڈ چھوڑ دیا۔بھارتی میوزک انڈسٹری نے ان کے انتقال کو ایک ناقابل یقین صدمہ قرار دیا ہے۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے اور اس معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔