برطانوی بینڈ ڈوران ڈوران کے معروف گٹارسٹ اینڈی ٹیلر 65 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

برطانوی بینڈ ڈوران ڈوران کے معروف گٹارسٹ اینڈی ٹیلر 65 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

لندن: 80 کی دہائی کے معروف برطانوی میوزک بینڈ ’’ڈوران ڈوران‘‘ (Duran Duran) کے سابق گٹارسٹ اور نغمہ نگار اینڈی ٹیلر 65 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

وہ اسٹیج فور میٹاسٹیٹک پروسٹیٹ کینسر میں مبتلا تھے اور طویل عرصے سے اس موذی مرض کا مقابلہ کر رہے تھے۔ ان کے انتقال کی تصدیق اہل خانہ اور بینڈ کے سابق ساتھیوں نے مشترکہ بیان میں کی ہے۔ اینڈی ٹیلر کا انتقال پیر 23 نومبر کو اپنے گھر میں اہل خانہ کی موجودگی میں ہوا، جبکہ ان کی وفات کا باضابطہ اعلان بدھ 25 نومبر کو کیا گیا۔ ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد عالمی میوزک انڈسٹری اور مداحوں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔اینڈی ٹیلر 1980 میں ڈوران ڈوران کا حصہ بنے تھے اور ان کی گٹار پرفارمنس نے بینڈ کو عالمی سطح پر مقبولیت دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کا شمار بینڈ کے اصل پانچ ارکان میں ہوتا تھا۔ ان کی موسیقی، منفرد انداز اور گٹار کی مہارت نے 80 کی دہائی کے پاپ اور راک میوزک پر گہرے اثرات مرتب کیے۔اینڈی ٹیلر نے بینڈ کے کئی مشہور گانوں کی تخلیق میں بھی حصہ لیا، جن میں Hungry Like the Wolf، Rio اور Girls on Film شامل ہیں۔

1982 میں ریلیز ہونے والا البم ’’ریو‘‘ بینڈ کی عالمی شہرت کا اہم سنگ میل ثابت ہوا، جس کے بعد ڈوران ڈوران کو بین الاقوامی سطح پر نمایاں کامیابی حاصل ہوئی۔ اینڈی ٹیلر کو 2018 میں اسٹیج فور میٹاسٹیٹک پروسٹیٹ کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، تاہم انہوں نے 2022 میں ڈوران ڈوران کی راک اینڈ رول ہال آف فیم میں شمولیت کے موقع پر پہلی مرتبہ اپنی بیماری کے بارے میں عوامی سطح پر بتایا تھا۔ بیماری کے باعث وہ تقریب میں شرکت نہیں کرسکے تھے، تاہم انہوں نے اپنے ساتھی موسیقاروں کے لیے خصوصی پیغام بھیجا تھا۔

 بینڈ کے دیگر ارکان سائمن لی بون، نک روڈز، جان ٹیلر اور راجر ٹیلر نے اپنے مشترکہ بیان میں اینڈی ٹیلر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ بینڈ کی ابتدا سے اس کا اہم حصہ رہے اور ان کی گٹار پرفارمنس نے ایسے گانوں کو عالمی شہرت دلائی جنہیں آج بھی دنیا بھر میں پسند کیا جاتا ہے۔اینڈی ٹیلر کی اہلیہ ٹریسی ولسن ٹیلر نے بھی اپنے شوہر کو یاد کرتے ہوئے انہیں بہترین انسان، محبت کرنے والا شوہر، والد اور قابل فخر دادا قرار دیا۔ ان کے مطابق موسیقی نے اینڈی کو بے شمار کامیابیاں دیں، لیکن ان کے لیے ہمیشہ خاندان سب سے زیادہ اہمیت رکھتا تھا۔