امریکی ٹیلی وژن انڈسٹری کے معروف ڈائریکٹر جیمز بروز 85 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جیمز بروز 19 جون کو اپنی فیملی کے ساتھ موجود تھے جب وہ انتقال کر گئے۔ ان کے اہل خانہ نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ گزشتہ پانچ دہائیوں سے ٹیلی وژن انڈسٹری کی ایک بااثر اور انتہائی محبوب شخصیت کے طور پر جانے جاتے تھے۔جیمز بروز مشہور سیریز ’فرینڈز‘ کے متعدد ایپی سوڈز کی ہدایت کاری اور ’چیئرز‘ کی تخلیق میں اہم کردار کے باعث عالمی شہرت رکھتے تھے۔ انہوں نے اپنے طویل کیریئر میں ایک ہزار سے زائد ٹی وی اقساط کی ہدایت کاری کی اور ’دی بگ بینگ تھیوری‘، ’ٹیکسی‘، ’فریزر‘ اور ’ول اینڈ گریس‘ جیسے مقبول شوز کی تشکیل میں بھی نمایاں خدمات انجام دیں۔30 دسمبر 1940 کو پیدا ہونے والے جیمز بروز نے اپنے کیریئر میں 11 ایمی ایوارڈز اور پانچ ڈائریکٹرز گلڈ ایوارڈز بھی حاصل کیے۔اہل خانہ نے انہیں نہ صرف ایک عظیم فنکار بلکہ ایک شفیق شوہر، والد اور دادا کے طور پر بھی یاد کیا ہے۔