لاہور میں رات کوہلکی بارش،مشرقی پنجاب،کشمیر میں بھی بادل برسنے کاامکان

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)لاہورکے مختلف مقامات پر را ت کو ہلکی بارش کاسلسلہ شروع ہوگیا جبکہ محکمہ موسمیات کاکہناہے کہ آئندہ 24 گھنٹے کے دوران مشرقی پنجاب،کشمیر،مری ،گلیات اور گردونواح میں چند مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اورپہاڑوں پر ہلکی برفباری متوقع ہے، ملک کے بیشترعلاقوں میں سردی کی شدید لہر برقرار ہے۔آئندہ 24 گھنٹے کے دوران پنجاب کے میدانی اضلاع میں شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں بارش برسانے والا نیاسسٹم 14 جنوری کو داخل ہوگا ،بارش کے بعد دھند کی شدت میں کمی آئے گی۔ گزشتہ روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔ پنجاب کے بیشترمیدانی علاقوں میں شدید دھند چھائی رہی،حد نگاہ 50 میٹر تک ریکارڈ کی گئی۔ہفتہ کو وادی لہہ میں درجہ حرارت منفی 13، پاراچنار منفی 12،استور منفی 11، گوپس منفی 10، سکردو منفی 9، کالام منفی 7اور ہنزہ میں منفی 6 سینٹی گریڈ ریکارڈ رہا۔محکمہ موسمیات نے پنجاب کے وسطی اضلاع میں برفباری اور تاریخی سردی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر چلنے والی خبر کی تردید کی ہے۔ترجمان کے مطابق یہ خبر بے بنیاد ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ 12 سے 15جنوری تک کی راتیں پاکستان کی سو سالہ تاریخ کی سرد ترین راتیں اور دن ہو سکتے ہیں۔