لاہور میں بارش کاامکان

 لاہور ،اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ24گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے تاہم لاہور،قصور ، شیخو پورہ، سیالکوٹ،نارووال اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے ،تیز ہوائوں کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔ رات کو شمال مغر بی بلوچستان اور بالائی خیبر پختونحوا میں بھی چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری متوقع ہے۔ منگل کو لاہور، قصور، اوکاڑہ ، ننکا نہ صا حب، شیخو پورہ، سیالکوٹ،نارووال، گجرات،گوجرانوالہ اور حا فظ آباد میں صبح کے اوقات میں ہلکی سے درمیانی دھند پڑ ے گی۔پنجاب کے میدانی علاقوں میں گزشتہ روز بھی شدید دھند کا راج بر قرار رہا جس سے موٹروے3 مقامات پر بند رکھی گئی۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم 2 لاہور سے ہرن مینار شیخوپورہ ، ایم 3 فیض پور سے سمندری جبکہ لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم 11 پر ٹریفک کا داخلہ بند رکھا گیا۔حد نگاہ بہتر ہونے پرموٹر وے کو مرحلہ وار کھول دیا گیا۔گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔ وادی لہہ میں کم ازم کم درجہ حرارت منفی11، استور، گوپس، زیارت منفی 6، کالام، قلات منفی 5، بگروٹ، سکردو ،گلگت منفی 4، پاراچنار اور کوئٹہ میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔