بنگلہ دیش میں عام انتخابات‘گنتی جاری‘ بی این پی رہنما پولنگ سٹیشن کے باہر جاں بحق

امید ہے انتخابی عمل ملک میں استحکام، جمہوریت اور مثبت تبدیلی کی بنیاد رکھے گا، اور بنگلہ دیش ایک نئے دور میں داخل ہوگا:ڈاکٹرمحمد یونس
ضلع گوپال گنج میں پولنگ سٹیشن پردستی بم دھماکہ، 3 افراد زخمی‘اللہ نے کامیابی دی تو جشن نہیں ہوگا، سجدہ شکر ادا کریں گے: امیر جماعت اسلامی
ڈھاکہ(آئی این پی )  بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ کا تختہ الٹنے کے بعد ہونے والے  انتخابات  میں  عبوری سربراہ ڈاکٹر محمد یونس   سمیت  مرکزی قیادت و مرکزی سیاسی امیدواروں نے  اپنے اپنے  رائے دہی کا استعمال کرتے ہوئے اسے آزادی کا دن قرار دے دیا۔عالمی میڈیارپورٹس کے مطابق بنگلہ دیش میں انتخابات کے موقع پر   امیر جماعت اسلامی بنگلہ دیش شفیق الرحمان نے ووٹ ڈالنے کے بعد دھاندلی کی صورت میں سخت ردعمل کا انتباہ دیا  ۔امیر  جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ اگر دھاندلی کے الزامات سنجیدہ ہوئے تو کسی کو نہیں بخشا جائے گا،شفیق الرحمان نے کہا کہ جماعتِ اسلامی کی کامیابی کی صورت میں پہلی اسلام پسند حکومت قائم ہو سکتی ہے،ڈاکٹر محمد یونس نے کہا  یہ میری زندگی کا ایک عظیم دن ہے اور پورے بنگلہ دیش کے لیے بھی ایک عظیم دن ہے، یہ آزادی کا دن ہے۔ یہ ہمارے ڈرانے خوابوں کے خاتمے اور ایک نئے باب کے آغاز کی علامت ہے۔ ڈھاکہ کے ضلع گوپال گنج میں عام انتخابات کے موقع پر  پولنگ اسٹیشن پردستی بم دھماکے کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوگئے ‘ جماعتِ اسلامی کے امیر ڈاکٹر  شفیق الرحمن نے  کہا  ہے اگر اللہ اپنے فضل و کرم سے انہیں کامیابی عطا فرماتا ہے تو نہ کوئی جلوس نکالا جائے گا، نہ نعرے لگائے جائیں گے اور نہ ہی جشن منایا جائے گا، بلکہ سب لوگ سجدہ شکر ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اللہ تعالی کا دل سے شکر ادا کریں گے اور قوم کی خدمت کے لیے صرف اللہ سے مدد طلب کریں گے۔