پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے اپنے سرکاری ہیلی کاپٹر کو ایئر ایمبولینس میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا، جس کے تحت ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر کو عوامی فلاح و بہبود کے لیے استعمال میں لایا جا رہا ہے۔
مشیر صحت احتشام علی نے نئی ایئر ایمبولینس میں ٹیسٹ فلائٹ بھی لی اور انہیں اس منصوبے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی خصوصی ہدایت پر سرکاری ہیلی کاپٹر کو پہلی بار طبی خدمات کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس ہیلی کاپٹر کو کرم کی صورتحال میں عوامی خدمات کے لیے پہلے بھی استعمال کیا گیا، جہاں اس کے ذریعے ادویات پہنچائی گئیں اور مریضوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جس سے ہزاروں جانیں بچائی گئیں۔
مشیر صحت نے مزید کہا کہ ہیلی کاپٹر میں ایئر ایمبولینس کے لیے مجوزہ الٹریشنز اور جدید طبی آلات نصب کیے جا رہے ہیں، تاکہ اسے ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ بین الاقوامی معیار کی ایئر ایمبولینس بنایا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا حکومت ایئر ایمبولینس کرائے پر لینے کے بجائے اپنے ہی سرکاری ہیلی کاپٹر کو عوامی خدمت کے لیے استعمال کر رہی ہے، جو کہ ملک میں اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے۔