نئی مقامی فضائی کمپنی ساوتھ ایئر نے آج سے اپنی ٹیسٹ فلائٹ آپریشنز کا آغاز کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایئر لائن کی پہلی ٹیسٹ فلائٹ کراچی سے روانہ ہو کر گوادر پہنچے گی اور وہاں سے کوئٹہ کے لیے پرواز کرے گی۔ کمپنی کی جانب سے آپریشنز کے لیے اے ٹی آر (ATR) طرز کے طیارے استعمال کیے جا رہے ہیں جو مختصر اور علاقائی روٹس کے لیے موزوں سمجھے جاتے ہیں۔ساوتھ ایئر نے سول ایوی ایشن سے سیاحت کے فروغ کے لیے TPRI لائسنس حاصل کر لیا ہے، جبکہ ریگولر پبلک ٹرانسپورٹ (RPT) لائسنس کے لیے بھی درخواست جمع کرائی گئی ہے۔
ایئر لائن انتظامیہ کے مطابق کمپنی کا بنیادی مقصد ملک کے ریجنل ایئرپورٹس کو آپس میں جوڑنا ہے تاکہ اندرونِ ملک سفر کو آسان اور تیز بنایا جا سکے۔ مجوزہ روٹس میں کراچی، گوادر، تربت، کوئٹہ، سکھر، ملتان اور رحیم یار خان جیسے شہر شامل ہیں۔ماہرین کے مطابق اگر یہ منصوبہ کامیابی سے چلتا ہے تو پاکستان میں علاقائی فضائی رابطوں میں نمایاں بہتری آ سکتی ہے، خاص طور پر ان شہروں کے لیے جہاں زمینی سفر وقت طلب اور مشکل سمجھا جاتا ہے۔