بنگلورو: 15 سالہ لڑکی نے 20 ویں منزل سے چھلانگ لگا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا

بنگلورو: 15 سالہ لڑکی نے 20 ویں منزل سے چھلانگ لگا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا

بھارتی شہر بنگلورو میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں 15 سالہ طالبہ نے اپنی ماں کے موبائل فون استعمال نہ کرنے کے کہنے پر اپارٹمنٹ کی 20 ویں منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کر لی۔

بھارتی پولیس کے مطابق واقعہ کدوگوڈی پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا، جہاں مرنے والی لڑکی کی شناخت اونتیکا چورسیا کے نام سے ہوئی ہے، جو دسویں جماعت کی طالبہ تھی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اونتیکا ایک پرائیوٹ اسکول میں زیر تعلیم تھی، اور حالیہ امتحان میں اس کے کم نمبر آئے تھے۔ مزید یہ کہ 15 فروری سے اس کے سالانہ امتحانات بھی شروع ہونے والے تھے، جس کی وجہ سے والدہ نے اسے زیادہ وقت پڑھائی پر دینے کی تلقین کی اور موبائل فون کے استعمال سے منع کیا۔پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوتا ہے کہ والدہ کی اس تنبیہ پر ناراض ہو کر لڑکی نے انتہائی قدم اٹھایا۔پولیس نے واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ ماہرین نفسیات اس واقعے کو کم عمر بچوں میں تعلیمی دباؤ اور اسمارٹ فون کے بڑھتے ہوئے رجحان سے جوڑ رہے ہیں۔