بھارتی شہر بنگلورو میں گھریلو جھگڑے کے بعد 27 سالہ خاتون نے مبینہ طور پر زہریلی دوا پی کر خودکشی کر لی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق متوفیہ کی شناخت کاویہ کے نام سے ہوئی ہے جو رنگاسوامی نامی شخص کی اہلیہ تھی، جبکہ دونوں کا ایک چار سالہ بیٹا بھی ہے۔رپورٹس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب کاویہ نے تین دن پہلے کا پکا ہوا سامبر دوبارہ گرم کر کے شوہر کو کھانے میں پیش کیا، جس پر دونوں کے درمیان تلخ کلامی شروع ہو گئی جو بعد میں شدید جھگڑے میں تبدیل ہو گئی۔ذرائع کے مطابق جھگڑے کے دوران شوہر نے خاتون کو برا بھلا کہا اور ہاتھ اٹھانے کی بھی کوشش کی۔ اس صورتحال سے دل برداشتہ ہو کر کاویہ نے گھر میں رکھی زرعی زہریلی دوا پی لی۔اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ خاتون کی طبیعت بگڑنے پر انہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا جا رہا تھا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گئیں۔ واقعے کے بعد پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔