بھارت کے شہر بنگلورو میں 18 سالہ نوبیاہتا نندنی داس پر اس کے سابق بوائے فرینڈ نے مبینہ طور پر چاقو سے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نندنی اور ملزم ایک نجی اسکول میں ساتھ زیرِ تعلیم رہے تھے اور گزشتہ تین برس سے دونوں کے درمیان رومانوی تعلق تھا۔ تاہم نندنی کی کسی اور شخص سے شادی ہونے کے بعد ملزم ناراض تھا۔رپورٹس کے مطابق ملزم کو جب معلوم ہوا کہ نندنی اپنے میکے آئی ہوئی ہے تو وہ گزشتہ روز صبح اس کے گھر پہنچ گیا۔ الزام ہے کہ اس نے پہلے نندنی کے دو کم عمر بھائیوں کو ایک کمرے میں بند کیا اور پھر ہال میں موجود نندنی پر چاقو سے حملہ کر دیا۔حملے میں نندنی کی گردن، ہاتھوں، پسلیوں اور رانوں پر متعدد زخم آئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق واردات کے بعد ملزم نے مبینہ طور پر خودکشی کی کوشش بھی کی، تاہم وہ ناکام رہا۔
والدین کی غیر موجودگی کے باوجود زخمی نندنی گھر سے باہر نکلنے اور مدد کے لیے آواز لگانے میں کامیاب رہی۔ چیخ و پکار سن کر پڑوسی موقع پر پہنچے اور پولیس کو اطلاع دی، جس کے بعد دونوں کو الگ الگ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس کے مطابق ملزم ایک نجی کمپنی میں ڈرائیور کے طور پر کام کرتا ہے۔ اس کے خلاف اقدامِ قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔