انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت راولپنڈی میں آج سانحہ 9 مئی کے 11 مقدمات کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے مقدمات کی سماعت 3 جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے، آئندہ تاریخ پر چالان نقول کی تقسیم اور فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس دوران، مقدمات کے چالان نقول تقسیم کرنے کا عمل مکمل نہیں ہوسکا، کیونکہ مقدمات میں شامل ملزمان کی تعداد کم تھی اور زیادہ تر ملزمان پیش نہیں ہوئے۔سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد عدالت میں پیش ہوئے اور حاضری لگوا کر واپس چلے گئے۔ ان مقدمات میں جی ایچ کیو گیٹ 4 حملہ کیس، آرمی میوزیم حملہ، صدر میں حساس ادارہ کی عمارت جلنے کا واقعہ، اور میٹرو بس اسٹیشن حملہ کیس شامل ہیں۔تمام متعلقہ تھانوں کے تفتیشی افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ریکارڈ سمیت عدالت میں پیش ہوں۔ اس دوران، سابق وزیر اعظم عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی بھی جیل روبکار پر حاضری لگائی گئی۔