سینیٹر آغا شاہ زیب درانی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے چیئرمین منتخب

 بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے اور سفارتی تعلقات بہتر بنانے کیلئے اقدامات کا فیصلہ
 کمیٹی کے اجلاس میں ڈگری تصدیق میں کرپشن پر تشویش، جامعات سے فیس وصولی روکنے کی سفارش
 اسلام آباد( آن لائن )  سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کا اجلاس چیئرمین کمیٹی کے انتخاب کے لئے پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹر انوار الحق نے سینیٹر آغا شاہ زیب درانی کا نام بطور چیئرمین کمیٹی تجویز کیا جبکہ سینیٹر رانا محمود الحسن نے ان کے نام کی تائید کی۔   سینیٹر آغا شاہ زیب درانی سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے متفقہ طور پر چیئرمین کمیٹی منتخب ہو گئے۔نو منتخب چیئرمین کمیٹی سینیٹر آغا شاہ زیب درانی نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف، پارٹی قیادت اورنائب وزیراعظم پاکستان سینیٹر اسحاق ڈار سمیت اراکین کمیٹی کا اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ انتہائی اہمیت کی حامل کمیٹی ہے اور اراکین کمیٹی کے تعاون سے خارجہ امور میں مزید بہتری لانے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اراکین کمیٹی کے ساتھ مل کر سفارتی معاملات کا بھر پور جائزہ لیا جائے گا اور ایسی حکمت عملی اختیار کی جائے جس سے نہ صرف بیرون ممالک جانے والی پاکستانیوں بلکہ وہاں مقیم پاکستانیوں کے لئے بہتری لائے جائے اور وہ ممالک جو نظر انداز رہے ہیں ان کے ساتھ بھی سفارتی تعلقات میں بہتری لانے کے لئے معاملات زیر بحث لائے جائیں گے