ملک کے آبی وسائل کی پالیسی سازی اور مؤثر نگرانی کیلئے بھرپور کردار ادا کریں گے: جام سیف اللہ خان
اسلام آباد ( آن لائن )ایوانِ بالا کی قائمہ کمیٹی برائے آبی وسائل کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں چیئرمین کمیٹی کے انتخاب کے لیے منعقد ہوا، جس میں سینیٹر جام سیف اللہ خان کو نئے چیئرمین کے طور پر منتخب کیا گیا۔اجلاس کے دوران رکن کمیٹی سینیٹر خلیل طاہر سندھو نے سینیٹر جام سیف اللہ خان کا نام بطور چیئرمین تجویز کیا، جس کی سینیٹر پونجو بھیل نے تائید کی۔ کمیٹی کے تمام اراکین نے اتفاقِ رائے سے نومنتخب چیئرمین کو اپنی حمایت دی۔منتخب ہونے پر اراکین نے سینیٹر جام سیف اللہ خان کو مبارکباد پیش کی اور کمیٹی کے اغراض و مقاصد کے حصول میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ نومنتخب چیئرمین نے اراکین کا اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ وہ اراکین کے ساتھ مل کر ملک کے آبی وسائل سے متعلق امور، پالیسی سازی اور مؤثر نگرانی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے